سرینگر //ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے ایس ڈی ایچ راجپورہ پلوامہ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر افتخار کے ساتھ کئے گئے سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی ایم پلوامہ کا رویہ افسوسناک تھاجس سے ڈاکٹروں میں گھبراہٹ پیدا ہوگئی ہے اور مریض مشکلات میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ ایس ڈی ایچ راجپورہ میں پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وانی نے کہا کہ محکمہ مال کے اعلیٰ افسران طاقت کے نشے میں اپنے ملازمین کو بھندوا مزدور سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمین چپراسی سے لیکر چیف سیکریٹری تک ایک کنبہ ہے اورکوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور زمین کا قانون لاگو ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا نازیبا سلوک اب روز مرہ کا معمول بن گیا ہے اور اس کو روکنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اس طریقے کا رویہ بند ہونا چاہئے اور دونوں فریقین کو آپسی بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہئے۔