سرینگر//ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی کی صدارت میں بااختیار کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ناظم زراعت نے کمیٹی کے ممبروں کو ذمہ داریوں اورکام کاج کے عمل میںسرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوںنے بااختیار کمیٹی کے ممبران کو متعلقہ اضلاع اورعلاقوں میں کسانوں کے تاثرات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ محکمہ میں غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ناظم زراعت نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے کسان برادری کو بہتر خدمات دستیاب رکھنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ کشمیر میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور ہر ایک کسان اپنے آپ کو ایک زرعی صنعت کے طور پر اُبھر سکے۔سید اعجاز الطاف اندرابی نے بااختیار کمیٹی پر زوردیا کہ ہو کسانوں کے سماجی اور معاشی بدلائو کے لئے اُن کے مسائل مقررہ وقات میں حل کریں اوراس مقصد کے لئے جانکاری اورتربیتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کریں۔