سرینگر//افروٹ میں سکی کرنے کے دوران راستہ بھٹکنے والے ایک برطانوی شہری کو فوجی گشتی دستے نے بچالیا۔ لاچلن سٹیوارٹ 31جنوری 2021کو گلمرگ میں افروٹ گنڈولہ فیز2میں سکی کررہا تھا جس کے دوران وہ راستہ بھٹک گیا اور ویرانے میں پہنچ گیا۔ راستہ کو ڈھونڈنے کیلئے2 گھنٹوں کی جدوجہداور بھاری برفباری کی زد میں آنے کے بعد وہ افروٹ کی دوسرے طرف گھنے جنگلات میں5بجے پہنچ گیا۔ فوج کی گلمرگ بٹالین سے وابستہ اہلکاروں کی گشتی پارٹی کی نظر اُس پر پڑی اور اسے نزدیکی کمپنی بیس پر لے گئے۔ مذکورہ برطانوی شہری کوکیمپ میں پہنچ کر احت مل گئی اور اس کا بھارتی فوجی کے ضوابط کے تحت برتائو کیاگیا۔ اس موقعہ پر برطانوی شہری کو نئے جوتے، موزے دینے کے علاوہ گرم کھانافراہم کیاگیااور شام 8بجے فوج نے لاچلن سٹیوارٹ کو گلمرگ میں ہوٹل پہنچایا۔ برطانوی شہری نے اُس کی زندگی بچانے کیلئے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کیا۔