مشتاق الحسن
ٹنگمرگ// اتوار کو سیاحتی مقام گلمرگ کے پہاڑوں پر رواں موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح افروٹ کے پہاڑی سلسلہ پر برف کی ہلکی پرت بچھ گئی جس سے پوری وادی میں موسم کی صورتحال تبدیل ہوئی۔گلمرگ کے پہاڑی سلسلہ پر ہلکی برف باری ہونے کی وجہ سے میدانی علاقوں میںصبح کے وقت سردی محسوس کی گئی اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔برف باری کی وجہ سے اس پہاڑی سلسلے پر سفید چادر بچھ گئی ہے جس کا نظارہ گلمرگ کے نزدیک واقع سبھی علاقوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ دیگر کچھ پہاڑیوں نے بھی برف باری سے سفید رنگ و روپ اختیار کر لیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح افروٹ پہاڑی پر ہلکی برف باری ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور اتوار کو دن بھر تھوڑے بادل بھی چھائے رہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی علاقوں میں کہیں کہیں بارشیں جبکہ اونچے پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے تاہم فی الحال موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے اور موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ ٹنگمرگ کے متعدد علاقوں میں بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔