ٹنگمرگ+بارہمولہ //سویڈن کا ایک25سالہ سیاح گلمرگ کی برف پوش افروٹ پہاڑیوں میں اسکینگ کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا جبکہ اس کا ایک اورساتھی معجزاتی طور بچ گیا۔اس دوران گلمرگ میں ایک فوجی اہلکار حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوا۔سویڈن سے تعلق رکھنے والا25سالہ ڈینیل اور اس کا ہم وطن بینجمن اسبرس گلمرگ میں افروٹ پہاڑیوں کے درمیان اسکینگ میں مصروف تھے کہ اس دوران نزدیکی پہاڑی سے بھاری بھرکم برفانی تودہ گر آیا۔یہ واقعہ جمعرات کی صبح گنڈولا کیبل کار پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے نزدیک پیش آیاجس کے نتیجے میں ڈینیل برف کی بھاری مقدارتلے زندہ دب گیا، تاہم اس کا ساتھی کچھ ہی دوری پر ہونے کی وجہ سے اس کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا۔اسی اثناء میں محکمہ سیاحت کے اسکینگ پیٹرول سے وابستہ ٹیم علاقے میں نمودار ہوئی جبکہ پولیس کی ایک پارٹی بھی جائے واردات پر پہنچ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کافی مشقت کے بعد ڈینیل کو برف کے نیچے سے برآمد کیا گیا لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔اس دوران آس پاس کے علاقوں میں ڈینیل کے ساتھی کو تلاش کیا گیا اور بالآخر بچائو اہلکار اسے زندہ برآمد کرکے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔محکمہ سیاحت گلمرگ ریسکو پٹرولنگ ٹیم کے وائس کیپٹن معراج الدین ڈار نے کہا کہ ڈنیل نامی اسکیر نے اگرچہ آئر بیس سٹم بیگ آویزاں رکھا تھا تاھم سٹم چالو نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ اسکیر اپنی مدد نہ کرسکا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ محکمہ سیاحت گلمرگ نے دو روز قبل ہی گلمرگ میں موجود غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایڈویزی جاری کی تھی کہ وہ پر خطر پہاڑی دروں میں جانے سے اجتناب کریں ۔واضح رہے دو سال قبل بھی اسی جگہ پر برفانی تودہ گرنے سے ایک غیر ملکی سمیت مقامی سکی گائیڈ ہلاک ہوگئے تھے۔ادھرگلمرگ آشا پوسٹ پر تعینات فوجی اہلکار حرکت قلب بند ہونے سے ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گلمرگ آشا پوسٹ پر تعینات 8 مراٹھا فوجی یونٹ سے وابستہ مہاراشٹر کے رہنے والے آنند دیوریہ نامی فوجی نے اچانک سینے میں درد کی شکایت کی جس پر اسے فوری طور اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاھم وہ حرکت قلب بند ہوجانے سے ہلاک ہوا۔