عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی//سابق مرکزی وزیر اور حمیر پور لوک سبھا حلقہ سے رکن پارلیمان انوراگ سنگھ ٹھاکر نے مودی حکومت کے 10 سالہ دور میں انفراسٹرکچر کے شعبے میں کیے گئے موثر کاموں کو نئے ہندوستان کی مضبوط پہچان قرار دیا۔ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا،’’مودی حکومت کے 10 سال کے دوران بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں کئے گئے موثر کام آج نئے ہندوستان کی مضبوط شناخت بن گئے ہیں۔ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر اتنا زور دیا گیا ہے اور اس کا ثبوت ہر گزرتے سال کے ساتھ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے پر حکومتی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جانا ہے۔ مودی حکومت کے گزشتہ 10 سال کے دور میں ملک میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ تبدیلیاں نہ صرف اعداد و شمار میں بلکہ آنکھوں سے بھی نظر آتی ہیں۔ ترقی کے لیے مودی حکومت کی سب سے بڑی توجہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات جیسے سڑکوں، شاہراہوں، ریلوے، دیگر لاجسٹک نظام، بجلی، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں کی توسیع پر رہی ہے اور یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔‘‘