رام پور//سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد اعظم خاں نے رام مندر معاملے میں علماء کونسل، شاہی امام اور اویسی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہی اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ کرا سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے رام مندر معاملے میں کئے گئے تبصرہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر اعظم نے تلخ انداز میں کہا کہ یہ ایک اچھی پہل ہے کیونکہ مذہبی لوگوں نے شروعات کی ہے۔ ظاہر ہے مذہبی لوگ ہی اس میں سمجھوتہ بھی کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ علماء کونسل، دہلی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری اس مسئلے پر ان سے بات چیت کریں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے کئی بڑے لیڈر اور مسلمانوں کے بڑے رہنما مولانا اسدالدین اویسی ان سے (آدتیہ ناتھ یوگی سے) بات چیت کریں۔ انہوں نے بریلی کے مولانا توقیر رضا خاں کا ذکر کرتے ہوئے کہا اگر یہ لوگ تیار ہیں تو ظاہر ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ یہ ہی وہ علماء ہیں جنہیں پورا ہندوستان جانتا ہے کہ یہ تمام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نہایت قریب ہیں، ان تمام نے بی جے پی کے لئے کام کیا ہے۔