حسین محتشم
پونچھ// کے ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان نے چیف منسٹر کے گرانٹ سیشن کے دوران جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں کئی اہم مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی جس میں سری نگر کے کولگام میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر ایک پولیس افسر نے زدوکوب کیا۔انہوں اس فعل کو غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے ہندوستان کے وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ افسر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور متاثرین کے لئے انصاف کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ، جان نے پونچھ اور منڈی میں سرحدی سیاحت کے فروغ کی وکالت کرتے ہوئے پونچھ، منڈی، لورن، گگڑیاں، گلی پنڈی، گونٹریہ اور دیگر سیاحتی علاقوں کو سرکاری سیاحتی نقشے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سیاحت اور مقامی روزگار کو فروغ دینے کے لئے ان علاقوں کی ترقی پر زور دیا۔ ایم ایل اے نے تمام محکموں میں بروقت ٹنڈرس کی ضرورت اور ترقیاتی کاموں میں معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو اجرت کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے باہر کے ٹھیکیدار مقامی مزدوروں کے مسائل کو نظرانداز کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی زیر التواء ادائیگیوں کی فوری ادائیگی کی جائے۔. جان نے اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کے لئے تنخواہ میں اضافے اور مستقل حیثیت کا مطالبہ کیا اور 2013-14 کی مدت کے دوران ایس پی اوز کے لئے تنخواہ میں اضافے کی سفارش کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، جسے بعد میں حکومت نے منظور کرلیا۔ ان کے دیگر اہم مطالبات میں یہ تھے گگڑیان، اڑائی کے لئے ایک نیا گرڈ اسٹیشن اور پونچھ، ننگالی سائیں بابا، ساتھرہ، لورن اور منڈی بلاکس کے لیے کھمبوں اور تاروں کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے پونچھ حویلی حلقے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے لورن، ساویجان، گگڑیان اور سیون لیکس کے لئے گونڈولا پروجیکٹس کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور مقامی باشندوں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے کے لئے خطے کے لئے نئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی مطالبہ کیا۔ اعجاز جان نے پونچھ کے عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ علاقے کی مجموعی ترقی اور بہبود کے لئے ان مطالبات پر فوری کارروائی کرے۔