محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ کی حسین وادیوں میں ایک منفرد ثقافتی منظر دیکھنے کو ملا، جب ایم ایل اے حلقہ حویلی اعجاز احمد جان نے لیتری میں منعقدہ ایک روایتی گھاس کاٹنے کی تقریب میں شرکت کر کے علاقے کی قدیم دیہی روایات کو ایک نئی زندگی بخشی۔اس تقریب کا اہتمام سابق سرپنچ عبدالرزاق بایئلہ منڈی اور مقامی عوام نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ مہمان کے پہنچنے پر گاؤں کے بزرگوں اور نوجوانوں نے پرتپاک استقبال کیا اور اپنی خوشی کا اظہار روایتی انداز میں کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد جان نے کہا کہ پونچھ کی دیہی زندگی میں چھپی سادگی، محنت اور اتحاد ہی اس خطے کی اصل خوبصورتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری ثقافت اور روایات ہماری پہچان ہیں۔ ان کی بقا اور ترویج ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ ایسے پروگرام نہ صرف میل جول کا ذریعہ ہیں بلکہ ہمیں اپنی جڑوں، محنت کش کسانوں اور دیہی ورثے سے جوڑے رکھتے ہیں۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافت پر فخر کریں اور اپنے بزرگوں کی محنت، وقار اور دیانتداری کے ورثے کو آگے بڑھائیں۔ایم ایل اے نے موقع پر موجود کسانوں اور دیہی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے زراعت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات سے متعلق مسائل کو بغور سنا۔انہوں نے یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر جلد از جلد حل کروائے جائیں گے۔اعجاز احمد جان نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح حویلی حلقہ کے تمام دیہات کی متوازن، جامع اور منصفانہ ترقی ہے، خاص طور پر وہ علاقے جو سرحدی اور دور دراز ہیں۔