عشرت حسین بٹ
منڈی// پونچھ حویلی اسمبلی حلقہ کے بلاک بنوت کی عوام نے مشتاق احمد شیخ کی قیادت میں بدھ کو ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کو بطور وزیر آعلی حلف لینے اور حکومت بنانے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے عمر عبداللہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ حویلی سے نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے اعجاز احمد جان نے انتخابات میں سب سے زیادہ لیڈ حاصل کر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی لیکن اس کے باوجود بھی انہیں وزارت کے عہدے پر نہیں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے ساتھ گزشتہ چالیس برسوں سے سیاسی طور پر سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور پونچھ حویلی سے مرحوم غلام احمد گنائی کے بعد کسی بھی ممبر اسمبلی کو وزارت کا عہدہ نہیں دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اعجاز جان کو بھی کابینہ میں شامل کر کے پونچھ حویلی کی عوام کی حوصلہ افزائش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا حالیہ اسمبلی انتخابات کے دوران جب عمر عبداللہ نے پونچھ میں عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا تو اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ پونچھ حویلی کی عوام اعجاز جان کو جتا کربھیجناتو میں اس کے ہاتھ مضبوط کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے محنت کر کے اعجاز جان کو بیالیس ہزار ووٹ دئیے لیکن اس کا عمر عبداللہ نے کوئی بھی مان نہیں رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ عمر عبداللہ پونچھ حویلی کی عوام کی اپیل کو ضرور سنیں گے اور اعجاز احمد جان کو کابینہ میں جگہ دے کر عوام کو شکریہ کا موقع فراہم کریں گے۔