جموں//صوبائی صدریوتھ نیشنل کانفرنس اعجازجان نے پونچھ کے مختلف علاقوںمیں سرحد کے آر پار شلنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان کی ہلاکت اورمتعددشہریوں کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔اعجازجان نے کہاکہ معصوم لوگوںکا شلنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونا افسوس ناک ہے ۔اعجازجان نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ شلنگ کے متاثرہ زخمی افراد کیلئے خاص علاج و معالجہ کا انتظام کریں۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ سرحدپرانسانی جانوں کازیاں باعث افسوس ہے ۔صوبائی صدریوتھ کانفرنس اعجازنے حکومت سے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کیلئے پختہ انتظامات کرنے کامطالبہ کیا۔ بعدازاں اعجازنے جموں میڈیکل کالج جاکر زخمیوں کی عیادت کی اوران کے عیادت داروں سے زخمیوں کی طبیعت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران اعجازنے ہسپتال انتظامیہ کوزخمیوں کیلئے بہترعلاج ومعالجہ کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی اورزخمیوں کی جلدصحت یابی کی تمناکااظہارکیا۔