سرینگر// تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کل سرینگر میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کا دورہ کرکے وہاں تعمیر ہو رہے میڈیا کمپلیکس کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیرکے ہمراہ ناطم اطلاعات ارون منہاس ،جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات عبدالمجید زرگر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ( پی آر)شیخ ظہور، چیف انجینئر تعمیرات عامہ شیخ حمید اور دیگر متعلقین بھی تھے۔دورے کے دوران نعیم اختر کو جانکاری دی گئی کہ جدید طرز کا میڈیا کمپلیکس 3.31کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 221 نشستوں پر مشتمل پریس کانفرنس ہال، میڈیا روم ، لائبریری اور کیفٹیریا شامل ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ اس میڈیا کمپلیکس کی خصوصیات میں اس کا گرین روم ہے جسے تھیٹر کی حیثیت سے بروئے کار لایا جاسکتا ہے اور اس جگہ کو فنکاروں کے لئے ویٹنگ روم کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔میڈیا کمپلیکس کو تمام تر جدید مشینر ی سے لیس کیا گیا ہے تاکہ وہاں آسانی سے کانفرنس ، سمینار اور دیگر تقاریب منعقد کی جاسکیں۔اس کمپلیکس میں فلمیں اور ڈاکیومنٹریز سکرین کرنے کے لئے جدید طرز کے پروجیکٹر بھی نصب کئے گئے ہیں۔میڈیا کمپلیکس کو ذرائع ابلاغ کے پیشہ ور افراد کی ضروریات کے عین مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔میڈیا کمپلیکس پروجیکٹ سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کا ایک خواب تھا۔انہوںنے اس کمپلیکس میں محکمہ اطلاعات کے کئی دفاتر قائم کرنے کا تصور دیا تھا جن میں رابطہ عامہ شاخ ، فیلڈ پبلسٹی ، کلچر، آڈیو ویجول ،ریسرچ اینڈ ریفرنس ، یوتھ انفارمیشن سینٹر ، وومنز انفارمیشن سینٹر اور کئی دیگر اہم دفاتر شامل ہیں۔کمپلیکس کا دور ہ کرنے کے دوران وزیر موصوف نے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے ہدایت دی کہ باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئے تاکہ اسے جلد از جلد قابل کار بنایا جاسکے ۔انہوںنے میڈیا کمپلیکس کے احاطے کی لینڈسکیپنگ کرنے اور اسے مزید جاذب نظر بنائے جانے کی بھی ہدایت دی۔