جموں// بالی وڈ فلم سٹار اکشے کمارنے بارڈرسیکورٹی فورسز کے فرنٹیئرہیڈکوارٹر جموں کادورہ کرکے ملک کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کی۔دہلی سے یہاں پہنچنے کے بعد اکشے کمار انسپکٹرجنرل آف بی ایس ایف جموں فرنٹیئرڈی کے اپادھیائے کے ہمراہ سرحدوں پرپاکستان کی حالیہ گولہ باری کے نتیجے میںہلاک ہوئے فوجی جوانوں کے گھرجاکران کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی اور مہلوک فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔فوجیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اکشے کمارنے کہاکہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے یہاں آکرآ پ سے ملنے کاموقعہ ملا۔انہوں نے جوانوں سے کہاکہ اصلی ہیروآپ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم توصرف کھلونابندوق سے فلموں میں کھیلتے ہیں لیکن اصلی بندوقوں کے ساتھ سرحدوں پر ملک کی حفاظت کرنا بہادری ہے۔انہوں نے جذباتی لہجے میں کہاکہ یہاں پرآ پ ہیروہواورمیں ایک شائق ہوں۔انہوں نے کہاکہ میری نیک خواہشات جوانوں کے ساتھ ہیں جو ملک کی حفاظت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں بی ایس ایف کاشکرگذارہوں کہ مجھے جوانوں سے ملنے کاموقعہ دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ میں جوانوں کے حوصلے سے متاثرہوں کہ وہ کس قدراپنے سینوں پرگولیاں کھاکرملک کی حفاظت کرتے ہیں۔فلم سٹاراکشے کمارجن کے والدبھی ایک فوجی جوان تھے مہلوک فوجی گرنام سنگھ کے کنبے کو9لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا جس کی موت سرحدپرگولہ باری کے دوران زخمی ہونے کے بعد 23 اکتوبرکوجموں میڈیکل کالج میں ہوئی تھی۔اکشے کمار نے مہلوک فوجی جوان کے لیے مزیدمعاوضے کامطالبہ بھی کیا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مہلوک فوجی کنبوں کاخیال رکھیں۔فوجی جوانوں نے قطاروں میں کھڑے ہوکرجوش وجذبے کے ساتھ اکشے کمار کے ساتھ تصویریں بنوائیں ۔بعدازاں اکشے کمار نے بی ایس ایف سینئر سکینڈری سکول کی ایک تقریب میں شرکت کرکے طلباء ، اساتذہ اوربی ایس ایف اہلکاروں کے کنبوں کے سامنے خطاب کیا۔