سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر محمد سعید آخون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سبزی فروش اور دیگر دکاندار اشیائے خوردونوش من مانے داموں فروخت کرکے صارفین کو دو دو ہاتھوں لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب غربا کیلئے سبزی خریدنا بھی اب مشکل ہوگیا ہے۔ جہاں پالک کی 70روپے فی کلو بکری ہورہی ہے وہیں پھول گوبی 60روپے کے حساب سے فروخت کئے جارہے ہیں۔ گوشت 440روپے جبکہ پنیر240روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ ایسے ہی پھلوں اور دیگر سبزیوں کے دام بھی آسمان چھو رہے ہیں۔ تاہم افسوس کا مقام ہے کہ انتظامی سطح پر قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ محمد سعید آخون نے گورنر اور ڈویژنل کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ روز مرہ کی اشیائے خوردنوش کی آسمان چھوتی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے انتظامیہ کو متحرک کیا جائے۔