اشرف چراغ
کپوارہ // لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری(تنظیم) اشوک کول کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے اتوار کو سرحدی بستی حاجی نار، بٹہ پورہ اور تربونی کا دورہ کیا۔یہ علاقہ پاکستانی گولہ باری سے متاثر ہوا، جس سے متعدد شہریوں کے گھر تباہ ہو گئے۔ وفد نے متاثرین کے مسائل سنے۔ اس موقع پر اشوک کول نے پاکستان کی جانب سے گولہ باری کی مذمت کی اور گولہ باری کو معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی بزدلانہ اور مایوس کن کارروائی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ بندی کے دوران جان بوجھ کر سرحد کے ساتھ پرامن رہنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر ایک بار پھر اپنا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ کول نے کہا کہ جنگ کے اوقات میں بھی شہری آبادیوں پر حملہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور پاکستانی قیادت کی مایوسی اور اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے طاقت کے ساتھ جواب دیا اور وہ اپنے لوگوں کے خلاف اس طرح کی اشتعال انگیزیوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ بی جے پی اُن کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور بحالی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا’’ہم راحت رسانی میں تیزی لانے کیلئے معاملہ حکام کے سا تھ اٹھائیں گے۔ وفد نے غیر محفوظ علاقوں میں مستقل پناہ گاہوں کی تعمیر اور حفاظتی انفراسٹرکچر کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کول کے ساتھ بی جے پی کے سینئر لیڈران بشمول ایم ایل اے شکتی پریہار، ڈاکٹر درخشاں اندرابی، ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیا، پربھاری انور خان، سکریٹری (تنظیم) مدثر وانی، میڈیا انچارج کشمیر ایڈوکیٹ ساجد یوسف شاہ، سوشل میڈیا انچارج بشیر شاہ، سوشیل میڈیا انچارج بشیر شاہ، راحیل شریف اور دیگر شامل تھے۔