سرینگر//حکومت نے اخبارات کے لئے اشتہاری بِلوں کی ادائیگی بلوں کے وصول ہونے کے دس دن کے اندر کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔اس ضمن میں کمشنر سیکرٹری اطلاعات ایم ایچ ملک کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے تحت محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے جموں / کشمیر کے جوائنٹ ڈائریکٹرز کو یہ ادائیگی آن لائین کرنی ہوگی، جنہیں پہلے ہی سرکاری اشتہارات کی تقسیم اور ادائیگی کے لئے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔اشتہارات کی تقسیم کاری کی غیر مرکزیت کا فیصلہ حال ہی میں وزیر اطلاعات چوہدری ذوالفقار علی نے لیا تھا اور سرکاری حکم نامہ نمبر32-ID آف2017 بتاریخ08-09-2017 کے تحت محکمہ کے صوبائی جوائنٹ ڈائریکٹرز جموں/ کشمیر کو اس ضمن میں اختیارات تفویض کئے گئے۔واضح رہے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں فی الوقت سرکاری اشتہارات کی تقسیم کاری کیلئے467 اخبارات اور جرائد درج ہیں جن میں سے271 جموں اور196 کشمیر صوبوں سے شائع ہوتے ہیں۔محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے2016-17 کے دوران اخبارات و جرائد کے حق میں اشتہارات کی ادائیگی کے طور پر31 کروڑ روپے واگذار کئے تھے جس میں التواء میں پڑے واجبات بھی شامل تھے جب کہ رواں مالی سال کے لئے30 کروڑ روپے کا اشتہاری بجٹ مختص رکھا گیا ہے۔ایڈرٹائزمنٹ پالیسی2016 کے تحت سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے حال ہی میں جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ( ہیڈ کوارٹر) کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو منظو شدہ اخبارات اور جرائد کی سرکیولیشن اور دیگر معیار بشمول اداراجاتی فریم ورک اور پیشہ وارانہ معیار کی بنیاد پر زمرہ بندی کرے گی۔حکومت الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے بھی ایک الگ اشتہاری پالیسی مرتب کر رہی ہے۔