سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے کالاکوٹ علاقے میںایک اشتعال انگیز کے واقعے کے بعد ایک زبردست احتجاج کیاگیا جس دوران مظاہرین نے اس حساس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اطلاعات کے مطابق راجوری ضلع کے بالی گاؤں کے مقامی لوگوں نے مذہبی پہلوؤں سے مقدس مانے جانے والے جانور کی کچھ لاشیں دیکھی جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ علاقے میں جمع ہوگئے اور بالی سولکی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ شروع کیا۔مظاہرین نے واقعے پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا۔ایڈیشنل ڈی سی کالاکوٹ، سب ڈویژنل پولیس آفیسر کالاکوٹ، تحصیلدار کالاکوٹ، ایس ایچ او کالاکوٹ سمیت دیگر افسران احتجاجی مقام پر پہنچے اور مظاہرین کے مطالبات سنے۔افسران نے مظاہرین کو بتایا کہ پولیس سٹیشن کالاکوٹ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔افسران کی یقین دہانی پر احتجاج پرامن ہو گیا اور روڈ بلاک ہٹا دیا گیا۔دوسری جانب پولیس افسران نے بتایا کہ تھانہ کالاکوٹ میں ایف آئی آر درج کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور دو گرفتار کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کیس میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔