عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری نے ہفتہ کو کہا کہ حکومت نے پچھلے سال کے مقابلے اس سال موسم سرما کی بہتر تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اس سلسلے میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی کمشنر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، ہمیں اس سال موسم سرما کی بہتر تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے سردیوں کیلئے مشینری کو بروقت برف صاف کرنے کے لیے لیس کیا گیا ہے تاکہ عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ رواں موسم سرما میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کیے گئے کنٹرول رومز کو بھی بروقت فعال کر دیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قلیل مدت میں بجلی کے بحران کو حل کریں۔ انہوں نے کہا، “شہری علاقوں میں 12 گھنٹے کے اندر خراب الیکٹرک ٹرانسفارمر کو تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں یہ مسئلہ 24 گھنٹوں کے اندر حل ہو جائے گا” ۔انہوں نے مزید کہا، ” ناموافق موسمی حالات میں مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرانسفارمرز کو پہلے ہی اہم علاقوں میں منتقل کر دیا گیا ہے “۔انہوں نے کہا کہ راشن کا سامان بھی اضلاع کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ اسے موسم سرما کے لیے ذخیرہ کیا جا سکے جبکہ پہاڑی علاقوں کی طرح یہ سپلائی 15 نومبر تک بھیج دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سونمرگ پاور گرڈ کو سردیوں میں بھی بجلی کی سپلائی ملے گی کیونکہ حکام نے اس سال زیڈ موڈ سے سپلائی کو یقینی بنایا ہے۔