عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عمر عبداللہ کی زیرقیادت جموں و کشمیر حکومت میں کابینہ کے وزیر جاوید احمد رانا نے ہفتے کے روز کہا کہ اس سال تاریخی دربار موو کی روایت بحال ہو جائے گی۔رانا نے کہا، “اس سال ہم دربار موو کو بحال کریں گے‘‘۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سرینگر میں ستمبر کے وسط میں منعقد ہونے والے آئندہ اسمبلی اجلاس پر جمعہ کی کابینہ کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیر نے کہا، “بہت سے اہم معاملات پر غور کیا گیا، کابینہ کے مباحثوں کو ہمیشہ عوامی طور پر شیئر نہیں کیا جا سکتا، لیکن ہاں، یہ میٹنگیں اہم فیصلوں پر مرکوز ہوتی ہیں۔ “1872 میں مہاراجہ گلاب سنگھ کی طرف سے متعارف کرایا جانے والا دربار موو ایک دو طرفہ عمل تھا جس کے تحت گرمیوں میں سرینگر اور سردیوں میں جموں میں سول سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر کام کرتے تھے۔اس پریکٹس کو 2021 میں لیفٹیننٹ گورنر نے ختم کر دیا تھا، جس نے سرکاری خزانے کے لیے تقریباً 200 کروڑ کی سالانہ بچت کا حوالہ دیا تھا۔تاہم وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس روایت کو بحال کرنے کا مسلسل وعدہ کیا ہے۔پچھلے سال دسمبر میں، انہوں نے کہا، “ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ دربار موو کو بحال کیا جائے گا، جموں کی اپنی اہمیت ہے، اور ہم اس کی انفرادیت کو کم نہیں ہونے دیں گے۔”