اسیروں کے تئیں حکومتی رویہ قابل افسوس:یاسین ملک

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کشمیری اسیروں کے تئیں روا رکھے جانے والے حکومتی رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ۸۰ سالہ بزرگ سے لیکر ۱۰ سالہ بچے اور خواتین تک سے جیل اور اذیت گاہیں بھری پڑی ہیں اور ان اسیروں پر بے انتہا مظالم ڈھانے کا سلسلہ دراز تر کیا جارہا ہے۔دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور انکی معاون فہمیدہ صوفی جو عرصہ ٔ دراز سے جموں جیل کی سختیاں برداشت کرنے پر مجبور ہیں کی مثال پیش کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ محبوبہ مفتی حکومت نے ظلم و جبر اور دہشت کی ساری پرانی روایات کو مات دے دی ہے۔ جے کے ایل ایف ضلع صدر گاندربل بشیر احمد راتھر جو مورخہ ۲۷؍ستمبر۲۰۱۶؁ئسے کورٹ بلوال جیل میں دوسرا مسلسل پی ایس اے بھگت رہے ہیں اور جوان سال محمد عاتف حسن جو کٹھوعہ جیل میں کالے قانون پی ایس اے کے تحت ہی قید ہیں کی بگڑتی ہوی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جے کے ایل ایف چیئرمین نے کہا کہ انہی کی طرح ہزاروں بڑے اور بچے بھارتی جیلوں اور اذیت گاہوں میں سختیاں برداشت کررہے ہیں لیکن آئی سی آر سی یا دنیا کا کوئی بھی انسانی حقوق کا ادارہ ان کا پرسان حال نہیںبن رہا۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اسیروں کی ناگفتہ بہہ حالت کا یہ حال ہے کہ حال ہی میں کٹھوعہ جیل میں سبھی اسیروں کو الف ننگا کرکے مار ا پیٹا گیا ۔یہی حال دوسرے جیلوں اور اذیت گاہوں کا بھی ہے جہاں اسیروں کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ حکمرانوں نے فوج،فورسز اور پولیس کو جو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اس کا بھیانک چہرہ رفتہ رفتہ کھل کر سامنے آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پہلگام کے ایک اسکول میں گھس کر جس بے دردی کے ساتھ اساتذہ اور بچوں کو مارا پیٹا اور جس بے ہنگم انداز میں اسکول کی توڑ پھوڑ کی گئی وہ اسی بھیانک چہرے کا عکاس ہے۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ کے دو وفود نے سوپور، بارہمولہ اور حاجن کا دورہ کیا اور وہاں حال ہی میں شہید کئے گئے دانش شوکت ڈار،جاوید احمد ڈار اور عابد حمد میر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ وفود میں جے کے ایل ایف آرگنائزر سراج الدین میر، قائد ظہور احمد بٹ، ضلع صدور عبدالرشید مغلو، نثار احمد جیلانی،زونل عہدیدار فاروق احمد ڈاراور اراکین مشتاق احمد وانی،غلام قادر خان ، محمد عظیم زرگر،مولوی ریاض ،عبدالرحمان شیر گجری اور غلام محمد باغوان وغیرہ شامل تھے۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *