سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سے وابستہ قائدین و اراکین نے آبی گزر لالچوک میں جمع ہوکر کشمیری اسیروں کی جموں منتقلی، عدالت عظمیٰ کی جانب سے شوپیاں میں فوجی میجر کیخلاف درج ایف آئی آر پر پولیس کارروائی پر روک لگانے نیز حریت قائد یوسف ندیم کو بیروہ میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں بہیمانہ ہلاکت کے خلاف ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت سے وابستہ شوکت احمد بخشی، ایڈوکیٹ یاسر دلال، عمر عادل ڈار، نور محمد کلوال، مشتاق اجمل، غلام رسول ڈار ایدھی، شیخ عبدالرشید، ساحل احمد وار (بویا)،رمیز راجہ،ظہور احمد بٹ، بشیر احمد کشمیری، محمد عمران بٹ،محمد یوسف،جاوید احمد زرگر،محمد صدیق شاہ وغیرہ لبریشن فرنٹ کے دفتر واقع آبی گزر پر جمع ہوئے جہاں سے انہوں پریس کالونی تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا ئے رکھے اور فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے شرکائے جلوس نے پریس کالونی کے نزدیک پہنچ کر وہاں ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا جس سے کئی قائدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے بڑھتے ہوئے ظلم و جبر کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔