سرینگر//جموں میں ہوئے مبینہ فدائین حملے کے بعد ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کی طرف سے روہنگیائی اور بنگلہ دیشی رفیوجیوں کو مشکوک ثابت کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ اسپیکر موصوف کا بیان نہ صرف فرقہ پرستانہ اور گمراہ کن ہے بلکہ سیاسی مفادات کیلئے دیا گیا بیان ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا ــ’’پوچھا جا سکتا ہے اگر سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے ابھی تک کسی پر انگلی نہیں اٹھائی گئی تو بھلا اسپیکر صاحب کو کہاں سے معلوم کہ روہنگی پناہ گزین مذکورہ حملے میں ملوث ہو سکتے ہیں ۔ انجینئر رشید نے نیشنل کانفرنس کی طرف سے متضاد بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پارٹی سے کہا ہے کہ وہ ریاست کے لوگوں کے جذبات کا کھلواڑ کرنا بند کر دے ۔ انہوں نے کہا ’’جہاں ایک طرف این سی کے ایک سینئر ممبر نے اسمبلی میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی وہاں چند ہی سیکنڈوں کے اندر پارٹی کے سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نہ صرف مذکورہ واقعہ سے علیحدگی اختیار کی بلکہ پاکستان پر حملہ کرنے اور اس پر یہاں ان کے بقول دہشتگرد بھیجنے کا بھی الزام لگایا جس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ یہ جماعت اپنی ماضی کی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے اپنے سیاسی مفادات کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ۔