اسپتالوں میں کریٹیکل کیئر ایمبولنس کی دستیابی عنقریب

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر// جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی اسٹیمیٹس کمیٹی کی ایک میٹنگ آج یہاں رکن اسمبلی محمد اشرف میر کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔دوران میٹنگ ٹراما سینٹروں کے قیام، سڑک حادثات کے سبب انسانی جانوں کے زیاں کو کم کرنے کے لئے جموں وکشمیر قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی میڈیکل سٹاف اور کریٹیکل کیئر ایمبولنسز کی تعیناتی جیسے معاملات پر مفصل غور وخوض ہوا۔میٹنگ میں قانون ساز مبارک گُل، عبدالمجید پڈر، یاور احمد میر، آر ایس پٹھانیہ اور ڈاکٹر شہناز گنائی موجود تھیں۔کمیٹی کے ارکان نے ریاست کے ہسپتالوں میں کریٹیکل کیئر ایمبولنسز کی فوری دستیابی پر زور دیا۔ میٹنگ میں دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں اور تکنیکی عملے کی تعیناتی سے متعلق مختلف معاملات پر بھی غور ہوا۔ ارکان نے کہا کہ ریاست بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کی جانی چاہئے۔اس موقعہ پر کمیٹی کے چیئرمین نے دیہی علاقوں میں محکمہ صحت کے ملازمین کی تعیناتی کے لئے مراعات فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت دی تا کہ ریاست بھر کے عوام کے لئے بہتر اور معیاری طبی سہولیات دستیاب رکھی جاسکیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ریاست میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اختراعی اقدامات اُٹھانے کے لئے کہا۔انہوں نے طبی اداروں کے اندر اور گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات اُٹھانے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں محکمہ صحت و طبی تعلیم اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران موجود تھے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *