یو این آئی
چنئی//تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعہ کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور چنئی میٹرو ریل کے لئے منظوری مطالبہ کیا اور سمگرا شکشا یوجنا (ایس ایس) کے تحت فنڈز جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا اس کے علاوہ ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور ماہی گیری کے روایتی حقوق کے تحفظ کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ۔ اسٹالن نے ریاست سے متعلق ان تینوں مسائل پر وزیر اعظم کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ انہوں نے مرکزی اور تمل ناڈو حکومتوں کے درمیان 50-50 ایکویٹی شیئرنگ کی بنیاد پر چنئی میٹرو ریل پروجیکٹ (فیز II) کے لیے منظوری کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ایس ایس اے اسکیم کے تحت فنڈز جاری کرنے پر بھی زور دیا، جسے مرکز نے اس بنیاد پر روک دیا تھا کہ ریاستی حکومت نے این ای پی -2020 کو لاگو نہیں کیا ہے۔ اسٹالن نے مودی پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی ماہی گیروں کے روایتی ماہی گیری کے حقوق کو محفوظ بنانے اور پکڑے گئے ماہی گیروں کی رہائی میں تیزی لاکر اس کا مستقل حل تلاش کریں۔قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کی بحریہ کی جانب سے تمل ناڈو کے ماہی گیروں پر بین الاقوامی میری ٹائم بانڈری لائن ( آئی ایم بی ایل ) سے آگے مچھلیاں پکڑنے پر مسلسل حملے کئے جارہے ہیں اور انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ مسٹر اسٹالن وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر کو مسلسل خطوط لکھ رہے ہیں جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ماہی گیروں کی رہائی کے سلسلے میں سفارتی قدم اٹھائیں اور اس پیچیدہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) کی میٹنگ بلائیں۔