نئی دہلی، 07 اکتوبر (یو این آئی) آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے وطن لوٹ گئے ہیں اور ہفتہ سے شروع ہو رہی ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ سیریز میں اب ان کی جگہ ڈیوڈ وارنر ٹیم کی کپتانی کریں گے ۔ ناگپور میں پانچویں ایک روزہ میچ کے دوران اسمتھ نے کندھے کی چوٹ کا سامنا کیا۔اس کے بعد آسٹریلوی کرکٹر میچ میں پھر بلے بازی نہیں کر سکے جس سے سلیکٹرز کو مارکس اسٹوئنس کو ان کی جگہ تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے بلانا پڑا۔ ٹیم ڈاکٹر رچرڈ س نے کہا کہ اتوار کو پانچویں میچ کے دوران اسمتھ فیلڈنگ کے دوران دائیں کندھے کی طرف گر پڑے تھے جس سے انہیں چوٹ آ گئی۔میچ کے دوران بھی وہ کندھے میں درد اور سوجن کی شکایت کرتے رہے جو ٹھیک نہیں ہوئی اور وہ اس کے بعد بلے بازی نہیں کر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ایم آر آئی کرایا ہے ، تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ ان کے کندھے میں کوئی سنگین زخم تو نہیں ہے ۔لیکن ہم اس بات کا یقین کرتے ہیں کہ صحیح بات یہ ہے کہ اس وقت، انہیں آرام کرنا چاہئے تاکہ وہ تکلیف دہ اور غیر آرام دہ نہ ہوں ۔ آسٹریلیا واپس لوٹنے کے بعد ان کی اور میڈیکل جانچ کرائی جائے گی اور ہمیں امید ہے کہ وہ شیفیلڈ شیلڈ سیزن تک مکمل طورپر ٹھیک ہو جائیں گے ۔ اسمتھ نے اس سال کے آغاز سے آسٹریلیا کے دورہ ہند تک سنچری نہیں بنائی ہے اور ان کی کارکردگی میں مسلسل کمی آئی ہے ۔ون ڈے سیریز میں ہندستان کے ہاتھوں 1۔4 سے شکست کے بعد بھی اسمتھ نے مانا کہ وہ پہلے کی طرح رنز نہیں بنا پا رہے ہیں اور بلے پر ان کی گرفت کمزور ہوئی ہے ۔اسمتھ نے ناگ پور کے میچ کے بعد کہا تھا کہ میں سیریز کے آغازسے ہی اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا اور مناسب طریقے سے بیٹ پکڑ نہیں پارہا تھا ۔ میں رنز بنانا چاہتا ہوں لیکن میں اس طرح رنز نہیں بنا سکتا۔میرے لئے صورتحال مایوس کن ہے ۔لیکن کرکٹ میں ایسے مواقع موجود ہیں جب آپ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتے ۔یواین آئی