جموں //ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ایسٹمیٹس کمیٹی نے تعمیرات عامہ محکمہ کے عہدہ داروں کو ڈی پی آر تیار کرتے وقت مقامی اراکین قانون سازیہ کو اعتماد میں لینے کی ہدایت دی ہے۔کمیٹی کی میٹنگ چیئرمین سید الطاف بخاری (ممبراسمبلی )کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مبارک گل ، محمد یوسف تاریگامی ، غلام محمد سروری ، عبدالمجید پڈر ، نیلم کمار لنگے ، اشفاق احمد شیخ ، دلیپ پریہار ، عبدالرشید ڈار ، مشتاق احمد شاہ ، جیون لال نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں جاری پروجیکٹوں اور مرکزی سپارنسر والی سکیموں کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کے علاوہ سٹیٹ اور ڈسٹرکٹ سیکٹر پلان کے تحت مختلف سڑکوں کو کی تجدید و مرمت اور رکھ رکھائو پر بھی گفت شنید ہوئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ گذشتہ تین ماہ میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لئے حاصل کی گئی اراضی کے مالکان کو معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔