سرینگر // حریت (ع)کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں میرواعظ منزل نگین پر منعقد ہوا۔اجلاس میں جموںوکشمیر کی تازہ ترین اور سیاسی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں جموںوکشمیر کے عوام کی رواں تحریک آزادی کے تئیں استقامت اور یکسوئی کے جذبے کے اظہاراور بے پناہ قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیاکہ حریت کانفرنس کی قیادت کشمیری عوام کی حق و صداقت پر مبنی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے وعدہ بند ہے۔اجلاس میں رواں تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک طویل المدتی حکمت عملی کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسمبلی کے رواں اجلاس میں کشمیر میں گزشتہ پانچ مہینے کے دوران سرکاری فورسز کی جانب سے کی گئی انسانی ہلاکتوں، جان و مال کے زیاں اور مار دھاڑ و انسانی حقوق کی بدترین پامالیوںپر ممبران اسمبلی کے شور و غوغا کو سیاسی ڈرامہ بازی اور مگر مچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر ی عوامی اتنے نادان نہیں کہ وہ ان سیاسی پینترہ بازیوںکو نہ سمجھ سکیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیری عوام ان کو خوب پہچانتے ہیں اور جانتے ہیں کہ یہ لوگ چاہے اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر، ہمیشہ نئی دہلی کے آلہ کار بن کر اور اپنے حقیر اقتدار ،مراعات اور مفادات کی خاطریہاں کے عوام کو تختہ مشق بناتے آئے ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ اسمبلی میں بیٹھ کر ان ممبران نے کبھی بھی یہاں کے عوام کے حقوق کے حق میں اور نہتے انسانوں کے قتل و غارت کیخلاف آواز بلند نہیں کی اور ان لوگوں نے کبھی بھی اپنے آقائوں سے یہاں کے عوام پر ہو رہے مظالم ، گرفتاریوں، ہراسانیوں، ظلم و تشدد پراحتجاج کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔اجلاس میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ یہ لوگ اگرحقیقی معنوں میں کشمیری عوام کے خیر خواہ ہیںتو انہیں محض اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا کھوکھلا دعویٰ کرنا ترک کرنا چاہیے۔