عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے جموںوکشمیر یوٹی کے نو منتخب اَرکان قانون ساز اسمبلی کے لئے 3روزہ تربیتی پروگرام کے احسن اِنعقاد کے لئے ضروری اِنتظامات پر تبادلہ خیال کرنے اور اسے حتمی شکل دینے کے لئے اِنفارمیشن ، فلوری کلچر اور سٹیٹ موٹر گیراج محکموں کے سینئر افسر وں کے ساتھ آج ایک میٹنگ طلب کی۔نو منتخب اراکین اسمبلی کے لئے تین روزہ اورینٹیشن پروگرام 9سے 11؍جنوری 2025ء تک جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی جموں کے سینٹرل ہال میں پارلیمانی ریسرچ اینڈ ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ فار ڈیموکریسیز (پی آر آئی ڈِی اِی) لوک سبھا سیکرٹریٹ نئی دہلی کے اِشتراک سے منعقد کیا جائے گا۔تفصیلی بحث و تمحیص کے دوران سپیکر نے محکمہ فلوری کلچر کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مرکزی داخلی دروازے اور سینٹرل ہال کے ڈائس کو سجائیں جہاں تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔اُنہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ نومنتخب قانون سازوں کو تربیت فراہم کرنا اِنتہائی ضروری ہے تاکہ وہ مفاد عامہ کے معاملات کو ایوان کے سامنے پیش کرسکیں اور ان معاملات کا مؤثر اَزالہ ہوسکے۔سپیکرموصوف نے محکمہ اطلاعات کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کے دوران مقامی اور قومی میڈیا میں تقریب کی مناسب کوریج کے لئے ضروری اِنتظامات کریں۔اُنہوں نے سٹیٹ موٹر گیراج کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کے دوران وِی آئی پیز اور دیگر سینئر اَفسران کی آسانی سے آواجاہی کے لئے مناسب گاڑیوں کا اِنتظام کریں۔ اُنہوں نے ایس ایس پی سیکورٹی سول سیکرٹریٹ جموں کو ہدایت دی کہ پروگرام کے دوران سول سیکرٹریٹ جموں اور اس کے ارد گرد فول پروف سیکورٹی اِنتظامات کئے جائیں۔ سپیکرموصوف کی طرف سے دی گئی ہدایات کاجواب دیتے ہوئے میٹنگ میں موجود سینئر متعلقہ افسران نے سپیکر کو یقین دِلایا کہ نومنتخب اراکین اسمبلی کی تربیت سے متعلق ہدایات اس سلسلے میں طے شدہ شیڈول کے مطابق ترتیب دی جائیں گی۔