محمد تسکین
بانہال // بانہال کے یاترا گراؤنڈ لامبر میں اسمبلی الیکشن 2024کے دوران سیکورٹی فورسز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر شیڈ بنائے گئے تھے لیکن اب نو مہینے کا وقت گزرنے کے باوجود یہ کام انجام دینے والے ٹھیکیداروں کو رقومات ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔یہ کام کرنے والے آٹھ ٹھیکیداروں کی ڈیڑھ کروڑ روپئے سے زائد کی رقم ادا نہ کئے جانے سے ان ٹھیکیداروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور قرض داروں نے ان کا جینا محال کر دیا ہے ۔اپنی رقومات کی واگزاری کے حق میں بانہال کے لامبر گراؤنڈ میں صدائے احتجاج بلند کرنے والے محمد یوسف شاہ ، مدثر احمد وانی اور جعفر احمد وغیرہ نامی ٹھیکیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسمبلی الیکشن کے دوران ان سے کہا گیا تھا کہ وہ سیکورٹی فورسز کے رہنے کیلئے رہائشی شیڈ بنائیں مگر اب نو مہینے بعد بھی ان کی بلیں واگزار نہیں کی جارہی ہیں اور ٹال مٹول کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کام شروع کرنے سے پہلے ان سے کہا گیا تھا کہ اس کام کیلئے رقومات موجود ہیں لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ انتظامیہ نے ان سے غلط بولاتھا اور اس کیلئے کوئی رقومات موجود نہیں تھیں۔ ٹھیکیداروں کا کہنا ہےکہ اسوقت ان پر دباؤ بنایا گیا تھا اور پندرہ بیس روز کے اندر اندر انہوں نے 50×18سائز کے قریب بیس سیکورٹی شیڈ تعمیر کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ٹین کی چادریں اور لوہا خریدنے اور ویلڈروں اور مزدوروں کو کام پر لگانے کیلئے قرضے لئے ہیں لیکن کارِ سرکار انجام دینے کے باوجود ان کی داد فریاد سننے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ قرض داروں اور کام کرنے والے مزدوروں نے ان کا جینا حرام کر رکھا ہے مگر ضلع انتظامیہ رام بن ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے رقومات کی واگزاری کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن ، الیکشن افسر رامبن ، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی رام بن کے پاس جا جا کر اپنے جوتے بھی گھسائے ہیں مگر ابھی تک ان کی ڈیڑھ کروڑ روپئے سے زائد کی رقومات ادا نہیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی کہ کہ ان کی رقم کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ورنہ وہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اپنا احتجاج درج کرنے کیلئے مجبور ہوں گے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن بانہال نواز احمد بانڈے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران لامبر گراؤنڈ میں کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے ڈیڑھ کروڑ روپئے سے زائد کے بقایاجات کو پی ڈبلیو ڈی ڈویژن بانہال کی طرف سے رقومات کو واگزار کرنے کیلئے محکمہ الیکشن کو فائل بھیج دی گئی یے اور امید ہےکہ اس پر کاروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے پہلے جنگی بنیادوں پر کئے گئے کام میں کچھ بنیادی کاغذی کاروائی نہیں کی گئی تھی اور اس میں ٹھیکیداروں کا کوئی قصور نہیں ہے اور انہوں نے حکام کے کہنے کے مطابق اپرول اور ٹینڈرز کے بغیر ہی باضابط طور پر کام کو انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقومات کی واگزاری کیلئے الیکشن محکمہ ہی مجاز ہے اور اس میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔