اجمیر،//کانگریس سیوا دل کے قومی تنظیمی سربراہ ر لال جی ڈیسائی نے دعوی کیا ہے کہ اس بار اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی لہر ہے اور اب یہ یکطرفہ انتخابی مقابلہ ہونے والا ہے ۔مسٹر ڈیسائی نے آج یہاں انتخابی تربیتی کیمپ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ دعوی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیوا د پورے ملک میں سرگرم ہے اور کارکنان منظم ہوکر بی جے پی کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ میدان میں ہیں۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت اور راجستھان کی وسندھرا سرکار کی بدانتظامی نے پورا نظام چوپٹ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کے مسائل پر انتخابات ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ رافیل سے لیکر کئی بڑے بڑے وعدے کئے گئے لیکن ہمیشہ ان کے ارادے چھوٹے رہے ۔ بی جے پی نے ملک میں مفاد کی سیاست کرکے ہمیشہ اپنا مفاد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ عوام کی مسائل اور تکالیف سے انہیں کوئی سروکار نہیں ہے ۔ لیکن کانگریس اپنے صدر راہل گاندھی کی قیادت میں عوام کے درمیان جاکر ان کی مشکلات کو سمجھ رہی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ راجستھان ہی نہیں آئندہ انتخابات میں پانچوں ریاستوں میں کانگریس اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی صدر سچن پائلٹ کی قیادت میں کانگریس ریاست میں مضبوط پوزیشن میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تربیتی کیمپ میں یہاں ریاست کی دو سو اسمبلی سیٹوں کے ہر بلاک سے سیوا دل کارکنان آئے ہیں۔ ساتھ ہی پنجاب، ہریانہ، دلی، گجرات اور اترپردیش کے کارکنان بھی موجود ہیں جنہیں ماہرین کے ذریعہ نتخابی عمل کی تربیت دی جارہی ہے جو کل تک جاری رہے گی۔یو این آئی