وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ میٹنگ
سرینگر//کابینہ نے بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر سے سفارش کی کہ اسمبلی کا موسم خزاں کا اجلاس 13 اکتوبر کو طلب کیا جائے۔ کابینہ میٹنگ، جو منگل کی صبح وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں ہوئی ،میں تمام وزرا ء نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران، کابینہ نے ایل جی کو سفارش کرنے کا فیصلہ کیا کہ اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر کو بلایا جائے۔معلوم ہوا ہے “یہ سیشن مختصر ہونے کا امکان ہے اور 13 سے 20 اکتوبر تک سات دن پر محیط ہو سکتا ہے۔”جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کے مطابق، ایک سیشن کی آخری نشست اور دوسرے اجلاس کی پہلی نشست کے درمیان چھ ماہ سے زیادہ کا وقفہ نہیں ہونا چاہیے۔جموں و کشمیرتنظیم نو ایکٹ، 2019 میں مزید کہا گیا ہے”لیفٹیننٹ گورنر، وقتاً فوقتاً، قانون ساز اسمبلی کو ایسے وقت اور جگہ پر اجلاس کے لیے طلب کرے گا جو وہ مناسب سمجھے، لیکن ایک اجلاس میں اس کی آخری نشست اور اگلے اجلاس میں اس کی پہلی نشست کے لیے مقرر کردہ تاریخ کے درمیان چھ ماہ کا وقفہ نہیں ہوگا‘‘۔چونکہ پچھلے اجلاس کی آخری نشست 29 اپریل کو ہوئی تھی، اور اس اصول کے پیش نظر کہ سیشنوں کے درمیان چھ ماہ سے زیادہ کا وقت نہیں گزرنا چاہیے، اس لیے اگلا اجلاس 28 اکتوبر تک ہونا لازمی ہے۔توقع ہے کہ ریاستی حیثیت اور ریزرویشن کے مسائل ایوان کی کارروائی پر حاوی رہیں گے۔گزشتہ اسمبلی اجلاس میں، وقف (ترمیمی)بل، 2025 پر اس کے قانون سازوں کی طرف سے لائی گئی تحریک التوا کو مسترد کرنے کے بعد، نیشنل کانفرنس کی طرف سے رکاوٹوں کی وجہ سے ریاستی حیثیت سے متعلق تین قراردادیں ختم ہو گئیں۔ریزرویشن کا مسئلہ بھی ایوان میں بحث کے دوران بار بار سامنے آیا۔