سرینگر //جی ایس ٹی کے تعلق سے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کو بھارت کے آئین میں ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح ریاست کی اپنی حساسیت اور امیدیں ہیں جنکی عکاسی جی ایس ٹی سے جڑے مواقع اور چیلنجوں میں ہوتی ہے۔ریاست کے تاجروں کے مفادات کو بالخصوص اور عوامی مفادات کو بالعموم تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی جی ایس ٹی کا نفاذعمل میں لایاجائیگا۔انہوںنے کہا’’ ریاستی قانون سازیہ کا اگلا اجلاس جی ایس ٹی کو احسن طریقے پر لاگو کرنے کیلئے ہوگا جس کا مقصد لوگوں کی بہبودی ہے اور بصورتِ دیگر عوام پر دوہرے ٹیکس کا بوجھ پڑے گا۔‘‘