عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کل یہاں اسمبلی سیکرٹریٹ میںمختلف نیوز آرگنائیزیشنز کے میڈیا افراد سے ملاقات کی تا کہ آنے والے اسمبلی سیشن کی ہموار اور موثر کوریج کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن مسٹر نتیش راجورہ ، سیکرٹری جے کے ایل اے مسٹر منوج کمار پنڈت ، ایس ایس پی سیکورٹی سول سیکرٹریٹ ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر سید شاہنواز بخاری ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ( پی آر ) جاوید احمد راتھر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر دور درشن ، سینئر صحافیوں ، بیورو چیفس ، سینئر جرنلسٹس اور نامہ نگاروں ، آل انڈیا ریڈیو کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ بات چیت کے دوران سپیکر موصوف نے میڈیا برادری کے ساتھ میڈیا پروفیشنلز سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی بحث کی ، آنے والے سیشن کے دوران ان کے کام کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے اضافی ضروریات کی نشاندہی کی ۔ غور و خوض کا مرکز میڈیا افراد کی قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں بغیر کسی رکاوٹ کے داخلے کو یقینی بنانا اور سیشن کی ہموار کوریج کیلئے ان کی سہولیات پر بھی تھا ۔ سپیکر موصوف نے میڈیا ہاؤسز سے سیشن کی متوازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کیلئے تعاون کی اپیل کی ۔ انہوں نے صحافیوں کے شفافیت اور مقننہکی بحثوں کی عوامی آگاہی کو یقینی بنانے میں اہم کردار پر زور دیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض ادا کرتے ہوئے عوامی مفادات کو سب سے آگے رکھیں ۔ سپیکر نے کارروائیوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو کسی قسم کی تکلیف سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہم آہنگی سے صحافیوں کیلئے انٹری پاسز وقت سے پہلے تیار اور جاری کریں تا کہ ان کی اسمبلی کمپلیکس میں بلا رکاوٹ داخلہ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ میڈیا کی رسائی کو بہتر بنانے کیلئے سپیکر موصوف نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ اسمبلی ہال اور اس کے لانز کے اندر کافی تعداد میں مائیکرو فونز اور پبلک ایڈریس سسٹمز ( پی اے ایس ) نصب کئے جائیں ، جو کہ معززین ، وزراء ، قانون ساز اسمبلی کے ارکان ، اور صحافیوں کے درمیان ہموار تعامل کو آسان بنائیں گے ۔ انہوں نے ہاسپٹلیٹی اینڈ پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت دی کہ ایم ایل ایز اور وزراء کی پریس بریفنگز کیلئے شمیانہ اور ایک ڈائس نصب کیا جائے ۔ سپیکر موصوف نے ایس ایس پی سیکورٹی سول سیکرٹریٹ کو بھی ہدایت دی کہ میڈیا اہلکاروں کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے قریب مناسب پارکنگ کے انتظامات کئے جائیں ۔ سپیکر موصوف نے صحافیوں کو میڈیا کی مصروفیات اور اسمبلی کی کارروائی کی کوریج کو بہتر بنانے کیلئے تعمیری تجاویز دینے کی بھی دعوت دی ۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں کے نمائندوں نے سپیکر کے فعال انداز کی تعریف کا اظہار کیا اور میڈیا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے درمیان رسائی اور مواصلاتی چینلز کو بہتر بنانے پر قیمتی ان پٹس شئیر کئے ۔ میڈیا برادری کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کے جواب میں سپیکر نے انہیں یقین دلایا کہ اجاگر کئے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا افراد کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے کیلئے ساز گار ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔