سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا کہ دنیا میں اسلام مخالف سرگرمیاں ، سازشیں اور مکروہ عزائم کا سلسلہ اگر چہ کچھ نیا نہیں لیکن اب الیکٹرنک میڈیا کا ایک مخصوص حصہ اس حوالہ سے سرگرم نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ مسخ کرنے کے لئے ایک منصوبہ بند انداز میں کام کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر الکندی منزگام کولگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز مسلمانوں کی دل آزاریاں ،اسلام اور اس کی معتبر شخصیات کے تعلق سے زہر افشانیاں نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہرذی حس انسان کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق کی روشنی کو بجھانے کے لئے باطل ہمیشہ ہر محاذ پر کمر بستہ رہا ہے لیکن فطرت کے اصولوں کے عین مطابق اسے منہ کی کھانی پڑی ہے اور اُس کا ہر داؤ ناکام اور ہر وار نامراد ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے حکمرانوں اور میڈیا کو کنٹرول کرنے والے اداروں پرفوری طور ان ہرزہ سرائیوں کا نوٹس لینے اور ایسے پروگراموں کو بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈاکٹر الکندی نے سعودی عرب پرحملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کاروائیاں انتہائی رنج دہ اور مسلمانان عالم کے لئے تشویش کا باعث ہیں۔موصوف نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کو اس حوالہ سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔