جموں//جمعیت اہلحدیث نے کہا ہے کہ دنیاایک با ر پھر نفرتوں اورباہمی بغض وعداوت کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے،ہر طرف آتش وآہن اور قتل وغارت گری کا بازارگرم ہے۔ بیلی چراناجموں میںالمعہد العلمی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیت پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا کہ ان ظلمتوں میں یہ مدارس اور دانشگاہیں نور کے مینارہیں اور یہاں سے انسانیت کو راحت وامن کے داعی اور بے بس ومجبور لوگوں کو غمخوار فراہم ہوتے ہیں ۔انہوں نے کشمیرمیں ہورہی زیادتیوں اورعالمی سطح پر مسلمانوں پربالخصوص اور ساری کمزورانسانیت پر بالعموم روارکھے جارہے جوروظلم کے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے دنیاکی امن پسند قوتوں کو اس تعلق سے ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت کوواضح کیا۔ اس کانفرنس سے جمعیت کے مفتی عام مولانامحمدیعقوب باباالمدنی ،مدیرمسلم بشارت بشیر، مولاناعبدالقیوم سراجی ،مولانا ظہور احمد سوہیل، حافظ عبدالرحمان ،مولانامحمد ابراہیم اور دیگر کئی علماءنے خطابات کئے۔اس سے قبل صدرجمعیت نے امام آباد رام بن میں دارالحدیث السلفیہ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مراکزعلمی ترقی کے زینے طے کرتے ہوئے اخلاقی اور روحانی اقدار کو اجاگرکرنے میں اپنی ساری توانائیاں صرف کریں گے۔