سرینگر //وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے اسلامی دانشور وں پر زور دیا کہ وہ دُنیا میں اسلام کا حقیقی پیغام اور اس کی صحیح تصویر عام کریں تاکہ مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیاں دور کی جاسکیں۔سرینگر میں ان سے ملنے آئے ملیشیا کے اسلامی دانشوروں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دورِ جدید میں مسلم سکالروں اور دانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن ، اخوت ، آپسی رواداری کے پیغام کو پوری دنیامیںعام کریں جو اسلام کے بنیادی اقدار ہیں ۔حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔محبوبہ مفتی نے دورے پر آئے اس وفد سے کہا کہ وہ تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں باہمی مفادات کے پہلوﺅں کا جائزہ لے کر زیادہ سے زیادہ تبادلوں کو یقینی بنانے کی ضمن میںکام کریں۔انہوںنے وفد کے ارکان کو اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں کئی اختراعی اقدامات کر رہی ہے۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو ان کی تنظیم کے سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ علاوہ ازیں تعلیم اور دیگر سماجی سیکٹروں میں اشتراک سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو ملیشیا کا دور ہ کرنے کی دعوت دی۔پرتوبوہان رحمةً للّعالمین ملیشیا کے بانی ڈاکٹرشیخ اسماعیل قاسم ، صدرپرنس ٹنگکو بہاﺅالدین احمد ،توکو بساط برہان الدین اور حافظ حمزہ پر مشتمل یہ وفد اس وقت ریاست کے دورے پر ہے۔دورے کے دوران گروپ نے راجوری میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمداندرابی اور کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین کے ساتھ بھی ملاقات کی۔