اخلاقیات اور اچھی ہمسائیگی پر زور، 20لاکھ سے زائد فرزان توحید مزدلفہ روانہ
جدہ // حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے موقعہ پر میدان عرفات میں 20لاکھ سے زائد فرزندان توحید کا ٹھاٹے مارتا ہوا سمندر لبیک اللہمہ لبیک سے گوجن رہا تھا۔پیر کے دن میدان عرفات میں جمع لاکھوں عازمین سے مخاطب مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ نے اپنے خطبہ حج میں تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیا ۔شیخ حسین بن عبدالعزیز نے کہا کہ 'تمام انبیاء نے جو تعلیمات دیں، ان کا بنیادی نقطہ توحید تھا۔ حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت عیسیٰ اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی یہی تعلیمات دیں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اہل توحید کے لیے جنت کا وعدہ کیا ہے اور شرک کرنے والوں کو تنبیہ کی ہے کہ ان کا خاتمہ برا ہے '۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ اپنے والدین، پڑوسیوں، رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک رکھنا اور اپنی رعایا کے ساتھ بھی اچھا معاملہ رکھنا، اللہ کی جانب سے یہ بات واضح کر دی گئی کہ اپنے والدین کے ساتھ اچھی گفتگو کرنا اور ان کے ساتھ اف بھی نہیں کرنا اور ان کے لیے دعا کرتے رہنا۔اخلاق کے حوالے سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا گیا کہ لوگوں کو اچھے اخلاق کی وجہ سے بہت سے کامیابیاں حاصل ہوئیں، میں مسلم حکمرانوں، والدین، اساتذہ، ذرائع ابلاغ کو نصیحت کروں گا کہ آپ اخلاق کی بات کریں اور اخلاقیات کا درس دیں، ایسے اخلاق جس سے ہم دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسیں۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ توبہ کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، والدین اور پڑوسیوں کے ساتھ احسن سلوک کیا کرو، دھوکا نہ کرو اور ناپ تول پورا کرو، جوا اور سٹے بازی حرام ہے، اللہ نے جاسوسی اور غیبت سے منع فرمایا ہے، وقت پر نماز ادا کرو، اسلام ایک دوسرے کے ساتھ اچھے طریقے سے ہم کلام ہونے کی تعلیمات دیتا ہے، اسلامی معاشرہ باہمی محبت کی تعلیمات دیتا ہے اور سیدھا راستہ دکھاتا ہے، اللہ کا حکم ہے کہ وعدہ پورا کیا جائے، اسلام ہمیں برائی اور فحاشی سے منع کرتا ہے، رسول پاک ؐنے اپنے خطبہ عرفہ میں حسن اخلاق پر زور دیا ہے، خواتین اور بیویوں کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عازمین کی تعداد بیس لاکھ سے زیادہ بتائی جارہی ہے خطبہ حج کے بعد حجاج ظہراور عصر کی نمازیں اسی مقام پر ادا کر کے اگلی منزل مزدلفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے ، جہاں وہ رات گزاریں گے ۔ واضح رہے کہ مناسکِ حج میں سے وقوف عرفات اہم ترین مرحلہ ہے ۔ میدان عرفات مکہ میں خانہ کعبہ سے بیس کلومیٹر دور ہے ۔ زیادہ تر زائرین میدان عرفات سے نو کلومیٹر کی دوری پر واقع مزدلفہ تک پیدل سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔