بانہال // اسلامی جمعیت طلباء جموں کشمیر ضلع رام بن کی طرف سے گذشتہ سال ٹیلنٹ ہنٹ سرچ کے تحت منعقد کرائے گئے ٹسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں بانہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر ریٹائر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد انور بٹ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جبکہ جماعت اسلامی کے سابق امیر ضلع عبدالاحد مسرور، سخاوت سینٹر کے ضلع کوآرڈی نیٹر عبد الغنی تانترے،ماسٹر عبد المجید نجار، بلال احمد تانترے، لیکچرر عبد الرشید گیری کے علاوہ طلباء اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔ ا س موقع پرٹسٹ میں 40 کے قریب اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء کو نقدی و دیگر انعامات سے نوازا گیا ۔پہلی3 پوزیشنوں پر 4 طلباء نے دعویٰ کیا ہے ان میں اویس مشتاق،یاور اقبال اور توصیف و عاقب نے بالترتیب پہلا دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا ۔ اس موقع پر مقررین نے حصولِ علم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کل کے قوم کا مستقبل ہے اور انہیں دنیاوی تعلیم حاصل کرنے کے لئے دین اسلام کے بتائے ہوئے طریقے پر چلنا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام نے سب سے پہلے تعلیم پر ہی زور دیا ہے اس لئے ہمیں بھی اسی کے مطابق تعلیم کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے عام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔اس موقع پر تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود ڈاکٹر محمد انور بٹ نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سماج میں اپنا رول ادا کرنے کے لئے اسے پریکٹیکل طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی ایک ایسا نور ہے جس سے ہم آخرت اور دنیا کو پہچاننے کے ساتھ ساتھ غلط اور صیح کی تمیز کر سکتے ہیں ۔ ان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی اسلامی جمعت طلباء کی اس کوشش کو سرہاتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ایسے ٹیسٹ منعقد کرنے سے طلباء کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھارنے کا موقع فراہم ہوتا ہے،آخر پر جمعیت طلباء کے ناظم ضلع یاسر علی نے تقریب میں موجود شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔