سرینگر//اسلامیہ کالج کے پرنسپل جی ایم تبت بقال نے کہا کہ کالج نے ایسے ذہین اوردانشور طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارا ہے جنہوںنے قومی اورعالمی سطح پر ریاست جموں وکشمیر کا نام روشن کیا ہے۔اسلامیہ کالج آف سائینس اینڈ کامرس نے سنیچر کو کالج کے کانفرنس ہال میںپرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) جی ایم تبت بقال کی سربراہی میں سابق طلباء کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات کی ایک نشست کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر اپنے استقبالیہ خطبے میں پرنسپل نے سابق طالب علم کی حیثیت سے کالج کی تاریخ اورترقیاتی پیش رفت میں اس کے کردار کو اُجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج نے سماج کی خواندگی اور لوگوں کو تعلیمی نور سے آراستہ کرنے کیلئے ابتدأ سے ہی کلیدی رول نبھایا ہے۔جب کہ پائین شہر میں بھی تعلیمی مشعل کو روشن رکھنے میںکالج نے مثالی کردار نبھایا ہے۔بقال نے بتایا کہ کالج کی طرف سے تعلیم کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم فراہم کی جارہی ہے اورکالج نے ایسے ذہین اوردانشور طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارا ہے جنہوںنے قومی اورعالمی سطح پر ریاست جموں وکشمیر کا نام روشن کیا ہے ۔مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پرنسپل نے بتایا کہ کالج کیلئے مزید کیمپس قائم کئے جارہے ہیں جہاں طلباء کو منیجمنٹ اور ٹیکنالوجی کے بارے میں اعلیٰ تعلیم دی جائے گی۔