سری نگر// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے اسلامیہ کالج میں کئی ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کالج کو 11دسمبر تک بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’اسلامیہ کالج سری نگر میں پرنسپل کی ہدایت پر تدریسی و غیر تدریسی عملے سے وابستہ ملازمین کے ٹیسٹ کئے گئے جس دوران چند ایک کی رپورٹ مثبت آگئی‘۔
کالج پرنسپل شیخ اعجاز بشیر نے بتایا کہ ’ٹیسٹنگ کے پہلے روز کئی ملازمین میں کورونا کی تشخیص پائی گئی‘ ۔
انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر کالج کو 11دسمبر تک بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کالج میں اب در س وتدریس کا کا م کاج 13دسمبر سے شروع ہوگا ۔
پرنسپل موصوف کے مطابق کالج بند رہنے کے دوران طلبہ و طالبات کو آن لائن موڑ کے ذریعے پڑھانے کا معقول بندوبست کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سبھی ملازمین سے کہا گیا ہے کہ 10دسمبر کے روز کالج میں حاضر رہے کیونکہ اُس دن اُن کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ طلبا کو بھی آگاہی فراہم کی گئی ہے کہ وہ نزدیکی طبی مرکز میں 10دسمبر کے دن آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کوروکا جا سکے۔