اقوام متحدہ// ہندوستان نے اقوام متحدہ میں دو ٹوک الفاظ میں یہ واضح کردیا ہے کہ تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کو اس کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے ۔ ہندوستان نے جموں وکشمیر سے متعلق تنظیم اسلامی کانفرنس کے بیان اور پاکستان کی جانب سے اس کے ذکر کئے جانے کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ او آئی سی کو ہندوستان کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ پاکستان نے کل او آئی سی کی طرف سے کہا تھاکہ ہندوستان جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے اور کشمیریوں کوحق خود اختیاری سے محروم کررکھا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے او آئی سی کے حوالوں کا جواب دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کے فرسٹ سکریٹری ڈاکٹر سمیت سیٹھ نے کہا کہ ہندوستان نہایت افسوس کے ساتھ یہ کہنا چاہتا ہے کہ ہندوستان کی ریاست جموںوکشمیر سے متعلق جو کہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ، او آئی سی کا بیان غلط حقائق اور گمراہ کن حوالوں پر مبنی ہے ۔