عظمیٰ نیوز ڈیسک
غزہ//اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی دباو کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر فضائی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے دیر البلح میں میونسپلٹی کی عمارت پر بمباری جس میں میئر ذیاب اللوح بھی جاں بحق ہوگئے۔اس واقع میں مزید 10فلسطینی بھی لقمہ اجل بن گئے جو ممکنہ طور پر میونسپل اہلکار تھے اور ایک میٹنگ کیلئے جمع ہوئے تھے۔اسرائیلی فوج نے غزہ میں 3اسکولوں المقدسہ ، الماجدہ وسیلہ اور یافا میں قائم پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کی جس میں 11 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ کے الصفاوی محلے میں ایک گھر پر بمباری کی جس میں صحافی محمد بعلوش جاں بحق ہوگئے۔غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی بمباری میں مرنے والے صحافیوں کی تعداد 190ہوگئی۔