یو این آئی
تل ابیب// اسرائیلی فورسز نے غزہ کے شمالی حصے میں اپنے گھروں کو واپس جانے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک فلسطینی جاں بحق ہوگیا، جب کہ حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد میں تاخیر کا الزام عائد کیا ہے ۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے ایک خاتون قیدی کی رہائی میں تاخیر پر اسرائیل فلسطینیوں کی واپسی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے ۔یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ، جب دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی اپنے دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی اور ہفتے کے روز 200 فلسطینیوں کے بدلے 4 اسرائیلی فوجیوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں نے جنین شہر اور اس کے قریب بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری رکھا، جس کے نتیجے میں 2 سالہ بچی سمیت کم از کم دو فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 47 ہزار 283 فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 11 ہزار 472 زخمی ہو چکے ہیں، اس دوران حماس کے حملوں میں اسرائیل میں کم از کم ایک زہار 139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچی ادرائی نے ایکس پر ایک جاری بیان میں فلسطینیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ شمالی غزہ کی طرف واپس جانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے علاقے کو دوبارہ کھولنے میں تاخیر کا ذمہ دار حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کو قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ راہداری اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی، جب تک اسرائیلی قیدی اربیل یہود کی رہائی کا تنازع ثالثوں اور اسرائیلی حکام کے درمیان حل نہیں ہو جاتا۔الجزیرہ کے مطابق حماس نے کہا ہے کہ اربیل یہود کی رہائی میں تاخیر ایک تکنیکی مسئلہ تھا۔
یرغمالیوں کی رہائی کا دوسرا مرحلہ مکمل
یو این آئی
غزہ// حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کی رہائی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے ۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے ہفتے کے روز دوسرے مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا۔یہ جنگ بندی معاہدے کی ابتدائی شرائط کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ آئی سی آر سی نے کہا کہ دوسرا مرحلہ، جس میں 200 فلسطینی قیدیوں اور چار اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی شامل تھی، اس کی طرف سے کئے گئے گہرے رابطہ کاری اور جائزہ کے عمل کے بعد انجام دیا گیا۔ ایک غیر جانبدار ثالث ہے جس نے معاہدے کے ہموار اور محفوظ نفاذ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قیدیوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا اور ان کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی، جبکہ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی حراستی مراکز سے رہا کیا گیا اور ان کے ساتھ آئی سی آر سی کے انٹرویو کے بعد غزہ اور مغربی کنارے منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت کی تصدیق کی گئی، صحت کی حالت کا جائزہ لیا گیا اور سفر کے لیے ان کی تیاری کی تصدیق کی گئی۔آئی سی آر سی نے مستقبل میں آپریشنز کے محفوظ نفاذ کے لیے ضروری حالات پیدا کرنے کے لیے فریقین کے درمیان مسلسل بات چیت اور ان کی مسلسل انسانی عزم کی اپیل کی۔
جنگ بندی کا مسلسل نفاذ نازک: امریکہ
یو این آئی
غزہ //حماس کی طرف سے 200 فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں چار اسرائیلی خواتین فوجیوں کو رہا کرنے کے بعد امریکی انتظامیہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا مسلسل نفاذ “نازک” ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ “یہ انتہائی اہم ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد جاری رہے اور حماس کے زیر حراست تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ان کے اہل خانہ کو بحفاظت واپس کیا جائے “۔امریکی محکمہ خارجہ اور وائٹ ہاؤس کے بیانات نے اسرائیلی خواتین فوجیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا لیکن اسرائیل کی طرف سے رہا کیے گئے فلسطینی قیدیوں کا کوئی ذکر نہیں کیا۔محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ “امریکہ 477 دنوں کی حراست کے بعد چار اسرائیلی خواتین قیدیوں کی رہائی کا جشن منا رہا ہے “۔غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا معاہدہ 20 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری سے ایک روز قبل گذشتہ ہفتے کے اوائل میں نافذ ہوا تھا۔ٹرمپ نے امریکہ مصر اور قطر کی ثالثی میں کئی مہینوں کی بات چیت کے بعد جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے پر اپنے مشرق وسطیٰ کے ایلچی سٹیو وِٹکوف کی تعریف کی۔ٹرمپ نے اپنے افتتاح سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر غزہ میں حماس کے قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو “جہنم کے دروازے کھل جائیں گے “۔حماس نے سات اکتوبر 2023 کے دوران تقریباً 250 افراد کو قید کیا تھا۔جنوبی اسرائیل کے قصبوں پر اس حملے میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد غزہ پر ایک خوفناک جنگ کا آغاز ہوا تھا۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جنگ میں 47,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ۔ ان ہلاکتوں کی وجہ سے اسرایئل پر نسل کشی اور جنگی جرائم کے الزامات لگے ۔