یواین آئی
غزہ// غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت رکنے کا نام نہیں لے رہی،تازہ حملوں کے نتیجے میں مزید 100 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو گئے۔طبی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم 105 فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔ان شہدا میں 32 افراد وہ بھی شامل ہیں جو وسطی اور جنوبی غزہ میں امداد کے متلاشی تھے۔الجزیرہ کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں پانی کی تقسیم کے ایک مرکز پر اسرائیلی ڈرون حملہ بھی کیا گیا ہے۔جس میں کئی بچے ہلاک ہوئے۔ زخمیوں کو النصر اسپتال منتقل کیا گیا۔اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حازم نعیم نامی ایک حماس رکن کو ہلاک کر دیا ہے، جس پر الزام تھا کہ وہ غزہ میں 3 اسرائیلی قیدیوں کو حراست میں رکھے ہوئے تھا۔ تاہم حماس نے اس دعوے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 13 فلسطینی ہلاک ہوگئے۔