یو این آئی
غزہ//اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں مزید 60 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تازہ حملوں میں گھروں سے محروم کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔واضح رہے کہ غزہ میں امداد کی بندش پر عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف سماعت جاری ہے ، جنوبی افریقا کے نمائندے کا کہنا ہے کہ امداد بند کرکے اسرائیل پوری دنیا کے سامنے غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے ۔اس کے علاوہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سالانہ رپورٹ میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو نسل کشی قرار دے دیا۔دوسری جانب اسرائیل کی حکومت نے خفیہ ادارے شن بیٹ کے سربراہ کی برطرفی کے سلسلے میں اپنے نئے فیصلے سے عدالت کو آگاہ کر دیا ہے ۔اسرائیلی حکومت نے منگل کو سیکیورٹی چیف رونن بار کی برطرفی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے ، نیتن یاہو حکومت نے رونن بار کی برطرفی کا فیصلہ معطل کرنے سے عدالت کو آگاہ کر دیا۔نیتن یاہو نے شن بیٹ کے سربراہ رونن بار کو مارچ میں برطرف کر دیا تھا، تاہم اسرائیلی سپریم کورٹ نے نیتن یاہو حکومت کے فیصلے کو روک دیا تھا، اسرائیلی حکومت کے فیصلے نے بڑے پیمانے پر مظاہروں کو بھی جنم دیا تھا۔اے ایف پی کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے رونن بار کو برطرف کرنے کے لیے 0 مارچ 2025 کے اپنے فیصلے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ادھراسرائیل کے علاقے رَعنانا کے ایک اصلاح پسند یہودی عبادت گاہ میں انتہاپسندوں کے حملے میں پولیس اہلکار سمیت متعدد شرکا زخمی ہوگئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہودی عبادت گاہ میں اسرائیلی-فلسطینی مشترکہ یادگاری تقریب کی ویڈیو اسکریننگ جاری تھی جس کا مقصد اسرائیل عرب کمیونیٹی کے درمیان امن اور مفاہمت کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں شریک خاتون نے بتایا کہ ہم پر پتھر برسائے گئے، لاتوں اور تھپڑوں سے مارا گیا، یہاں تک کہ ہم پر تھوکا بھی گیا۔ ہمیں لگا تھا آج ہم مارے جائیں گے۔دوسری جانب منتظمین اور دیگر تنظیموں نے اس حملے کے باوجود امن، انصاف اور باہمی احترام کے اپنے پیغام کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ | اسرائیلی وزیراعظم محفوظ
یو این آئی
یروشلم //اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے قافلے میں شامل گاڑی کو اسرائیلی دارالحکومت میں حادثہ پیش آیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں بن یامین نیتن یاہو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری۔ گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اسرائیلی وزیر اعظم اس گاڑی میں سوار تھے یا نہیں تاہم حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم محفوظ ہیں۔
کروڑوں روپے مالیت کا سونا | ترک دلہن نے غزہ کیلئے عطیہ کردیا
عظمیٰ نیوز سروس
انقرہ//ترک دلہن جس کا تعلق ترکی کے صوبے باتمان سے بتایا جارہا ہے ، دوسروں کے لیے مثال قائم کرتے ہوئے اپنے ولیمے پر ملنے والا کروڑوں مالیت کا سونا غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے عطیہ کر دیا۔رپورٹس کے مطابق ترک دلہن کی جانب سے اہل غزہ کے لئے عطیہ کئے گئے سونے کی مالیت تقریباً 40 ہزار ڈالرکے قریب ہے ۔دلہن نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شادی کو ایک نیک مقصد کی شروعات بنانا چاہتی ہیں تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کی زیادہ سے زیادہ مدد ہوسکے ۔دلہن نے اُمید ظاہر کرتے کہا کہ ان کا یہ اقدام دوسروں کے لیے بھی جذبہ ہمدردی اور یکجہتی کی تحریک بنے گا، خصوصاً ان حالات میں جب اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے فلسطینی عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔دوسری جانب اشتعال انگیز بیانات دینے والے انتہا پسند اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے غزہ سے نکلنے کے بعد ہی اسرائیل جنگ بند کرے گا۔اسرائیلی وزیر خزانہ Bezalel Smotrich کا کہنا ہے کہ اسرائیل جنگ صرف اس وقت روکے گا جب ملک شام کومنتشرکر دیا جائے گا، حزب اللہ کو بدترین0 شکست دی جائے گی، ایران سے اس کا جوہری پروگرام چھین لیا جائے گا اور غزہ کے لاکھوں فلسطینی پٹی سے نکل جائیں گے اور اسرائیلی قیدیوں کو واپس کر دیا جائے گا۔