عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیروت //لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کی اسرائیلی دھمکیوں کے بعد کئی ملکوں نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا انتباہ جاری کردیا۔ اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد اٹلی، جرمنی اور امریکا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑ دینے کا انتباہ جاری کیا ہے جب کہ فرانس، برطانیہ اور دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کے علاقے مجدال شمس کے دروز قصبے پر راکٹوں کے حملے میں 12 اسرائیلی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے، جس کا الزام حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے اسرائیل نے لبنان میں حملے کی دھمکی دی ہے۔اسرائیلی فوج کی سرگرمیاں سامنے آنے کے بعد لفتھانسا، ایئر فرانس، ٹرانساویا اور آسٹرین ایئر لائنز نے بیروت جانے والی پروازیں معطل کر دی ہیں جب کہ امریکا، اٹلی اور جرمنی نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر واپس ا?نے یا کسی دوسرے محفوظ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیل کی طرف سے گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کے نزدیک حملے کی آڑ میں حزب اللہ پر حملہ کیا گیا تو یہ صہیونی اقتدار کی بڑی غلطی ہو گی۔