یو این آئی
غزہ//جنوبی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار بچوں سمیت نو فلسطینی جاں بحق ہو گئے ۔مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیل نے خان یونس شہر کے مشرق میں شیخ ناصر علاقے میں ڈرون سے فلسطینیوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا۔ پیرامیڈیکس نے بتایا کہ طبی کارکنوں نے متاثرین کی لاشیں نکالیں اور کئی دیگر کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں داخل کرایا۔دوسری جانب اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف فوجی وسطی اور جنوبی غزہ میں آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فوجی ہتھیاروں کا پتہ لگا رہے ہیں اور جنگجووں کے ٹھکانوں کو ختم کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 07 اکتوبر 2023 کو حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی اسرائیل کی سرحد میں داخل ہو کر غزہ کی پٹی سے زبردست راکٹ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ اس دوران حماس کے جنگجوؤں نے 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل غزہ میں حماس کے خلاف مہم چلا رہا ہے ۔غزہ میں قائم صحت کے حکام نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک 43,341 فلسطینی شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
فلسطینی بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے :اقوام متحدہ
اقوام متحدہ/یو این آئی/ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے کہا ہے کہ فلسطین میں خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔فرانسسکا البانیز نے کہا کہ فلسطینی بچوں کو بہت سے ظالمانہ طریقوں سے بھوک، تشدد اور دہشتگردی کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اُنہیں ہلاک یا معذور کیا جارہا ہے ، بچوں کو اسکولوں، خوابوں اور بہتر مستقبل کی امید سے محروم کیا جا رہا ہے ۔اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے طرز عمل کو مجموعی طور پر دیکھیں، اس تمام زمین پر جس طرح اُس نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بچوں کو جس طرح نشانہ بنایا جارہا ہے یہ سب وہاں بسنے والے تمام فلسطینوں کے خلاف ایک تباہ کن ذہنیت اور نیت کی عکاسی کرتا ہے ، جو دور سے بنائے گئے منصوبے کی تکمیل کیلئے ہو رہا ہے ۔البانیز کا اشارہ اُس واقعے کی طرف تھا جس میں اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں الخلیل کے جابر علاقے میں اسکول جانے والے بچوں کو سڑک پر خار دار تار لگا کر روک دیا۔
۔37 چینی طیارے تائیوان کی حدود میںداخل
تائی پے/عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک/تائیوان کی دفاعی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ جزیرے کے گرد چین کے 37 فوجی طیارے دیکھے گئے ہیں۔وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ جزیرے کے گرد گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے 37 فوجی طیارے دیکھے گئے ۔ان میں سے 35 طیاروں نے آبنائے تائیوان میں طرفین کے مابین حدود کو متعین کرنے والی درمیانی لائن کو عبور کیا اور تائیوان کے “ایئر ڈیفنس آئیڈنٹیفیکیشن زون (اے ڈی آئی زیڈ)” میں پرواز کی۔بیان میں کہا گیا کہ دیکھے گئے طیاروں میں جے -16 جنگی طیارے ، ایچ-6 بمبار طیارے اور کے جے -500 متحارب طیارے شامل تھے جو مغربی بحرالکاہل کی طرف طویل فاصلے کی پروازیں کر رہے تھے ۔یہ بھی بتایا گیا کہ تائیوان کی مسلح افواج صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور مناسب جواب دے رہی ہیں۔