یو این آئی
غزہ//جنگ بندی کی بات چیت کے دوران بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں بمباری جاری ہے، کل مزید 19 فلسطینی ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں امدادی مرکز کے باہر جمع ہونے والوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے، جب کہ 40 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امدادی مرکز کے قریب شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، غزہ کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ رفح کے شمال میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے مزید 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب غزہ شہر میں ایک کلینک پر اسرائیلی فضائی حملے نے تباہی مچا دی، جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے، اس حملے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ایک عینی شاہد اور بے گھر فلسطینی خاتون ام وسیم نے بتایا کہ ’میرے بہنوئی زخمی ہو گئے ہیں، اور ان کا بیٹا شہید ہو گیا ہے، میری بہن اور بھانجی آئی سی یو میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حملے میں میری بہن کے کمرے کے برابر والے کمرے کو نقصان ہوا، جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ موجود تھیں، جیسا کہ بمباری کے بعد یہ ایک خوفناک منظر ہے، ہر طرف خون ہے، لاشیں چیتھڑوں میں بٹی ہوئی ہیں۔ایک اور عینی شاہد احمد قدوم نے کہا کہ ہم اسرائیلی فوج کی ہدایت پر مغربی غزہ شہر چلے گئے اور رمال کلینک میں پناہ لی، وہاں شجاعیہ اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے بے گھر لوگ موجود تھے، ہم نیند میں تھے، یہ سوچ کر کہ یہ جگہ محفوظ ہے، اور اچانک میزائل آ گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم دوڑ کر باہر نکلے اور لاشیں، کٹے ہوئے اعضا، عورتیں اور بچے دیکھے۔ یہ جگہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی۔