یواین آئی
غزہ// ٹی آر ٹی ورلڈ کے فری لانس صحافی یحییٰ برزق ،وسطی غزہ کے علاقے ‘دیر البلح پر اسرائیلی فضائی حملے میں جان بحق ہوگئے ہیں۔برزق، شہریوں پر جنگ کے اثرات کو دستاویزی شکل دینے کے مشن پر تھے۔ ایک اسرائیلی حملے نے اس کیفے کو نشانہ بنایا جہاں وہ ویڈیو مناظر جمع کر رہے تھے۔فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔طبی عملے کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسرائیل نے منگل کے حملوں میں، ایک حاملہ عورت اور ایک بچے سمیت، کم از کم 58 فلسطینی قتل کر دیئے ہیں۔فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیل نے دیر البلح پر حملے میں ایک بڑھئی کی دکان کو بھی نشانہ بنایا ہے۔برزق اور دیگر افراد کو شہر کی انوائرمنٹ اسٹریٹ کے قریب قتل کیا گیا ہے۔انسٹاگرام پر اپنی آخری پوسٹوں میں برزق نے کہا تھا کہ وہ، اسرائیلی بمباری اور جبری بے دخلی کی دھمکیوں کے باعث غزہ شہر سے جنوب کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ “میرا جسم جنوب منتقل ہوگیا ہے لیکن میرا دل اب بھی غزہ شہر میں ہے۔”ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات کے سربراہ ‘برہان الدین دوران نے جاری کردہ بیان میں برزق کو “ایک بہادر آواز قرار دیا ہے۔ ایسی آواز جو قبضے اور ظلم کے سائے میں سچائی کی تلاش میں تھی۔”انہوں نے کہا ہے کہ” ٹی آر ٹی ورلڈ کی دستاویزی فلم ‘غزہ اِن مائی فوٹوگرافس میں پیش کی گئی ان کی سوانح حیات ان کے دنیا کو حقیقت بتانے کے عزم کا اظہار ہے۔ صحافیوں پر حملے کبھی بھی سچائی کو خاموش نہیں کر سکتے۔ ہم یحییٰ کے لیے دعا گو ہیں اور ان کے خاندان، ساتھیوں اور عزیزوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔”