عمان//اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ اسرائیلی،فلسطینی تنازع کے مجوزہ دوریاستی حل کے تحت فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے اور دو ریاستی حل ہی عرب ،اسرائیل جامع امن معاہدے کی بنیاد بن سکتا ہے۔وہ بدھ کے روز بحیرہ مردار کے کنارے عرب لیگ کے اٹھائیسویں سربراہ اجلاس کے آغاز کے موقع پر تقریر کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اردن کا مغربی ہمسایہ ( اسرائیل) مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کی سرگرمیوں میں تیزی لا کر امن کے مواقع کو گنوا رہا ہے‘‘۔شاہ عبداللہ نے شام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حزبِ اختلاف اور بشارالاسد کی حکومت کے درمیان مذاکرات کے حالیہ دور میں سیاسی عمل کا آغاز ہوجائے گا۔انھوں نے کہا کہ عرب بلاک لیبیا اور یمن میں استحکام کی بحالی کے لیے کوششوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کہا کہ فلسطینی کاز خطے کی مرکزی توجہ کا محور رہے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ’’ فلسطینیوں کے درمیان اختلافات سے فلسطینی کاز پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں‘‘۔انھوں نے خطے میں جاری تنازعات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ عرب دنیا میں بحران بہت سخت ہیں لیکن ان سے نبرد آزما ہونے اور انھیں شکست سے دوچار کرنے لیے عزم ان سے بھی سخت تر ہونا چاہیے‘‘۔واضح رہے کہ عرب ممالک کے درمیان شامی تنازعے کے حل اور ایران کی خطے میں مداخلت سے نمٹنے کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔ تاہم ان کا فلسطینی تنازع کے حوالے سے مؤقف ایک ہے اور وہ اس کا دو ریاستی حل چاہتے ہیں۔دریں اثناء فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے برطانوی خبررساں ادارے رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہماری تشویش یہ ہے کہ فلسطینی فائل کے معاملے میں عربوں میں اتفاق رائے ہونا چاہیے۔